پیرس،30جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پولیس کا کہنا ہے کہ ایک شخص نے مسجد کے قریب لوگوں پر گاڑی چڑھانے کی کوشش کی جسے حراست میں لینے کے بعد تفتیش شروع کردی گئی ہے۔یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق چھ بج کر 30منٹ پر مضافاتی علاقے کریٹیل میں پیش آیا اور اس میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔اس واقعے کے محرکات تاحال واضح نہیں ہیں لیکن حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص ارمینیائی نژاد باشندہ ہے اور اس کا کہنا ہے کہ وہ پیرس میں شانزے لیزے اور پیٹکلان میں شدت پسند تنظیم داعش کی جانب سے کیے گئے حالیہ حملوں کا بدلہ لینا چاہتا تھا۔خیال رہے کہ 20اپریل کو شانزے لیزے میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک فرانسیسی پولیس اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے تھے۔ نام نہاد دولت اسلامیداعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔اس کے علاوہ 14نومبر2015ء کو پیرس میں ایک تھیٹر میں جمع 1500افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 100افراد ہلاک اور 352 زخمی ہوگئے تھے۔حالیہ مہینوں میں یورپ میں کئی ایسے حملوں ہوئے جس میں گاڑی کو ہجوم سے ٹکرایا گیا، ان میں سے بیشتر کی ذمہ داری داعش کے ساتھ وفاداری ظاہر کرنے والوں نے قبول کی تھی۔پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پیرس کے جنوب مشرقی مضافاتی علاقے میں واقع ایک مسجد کی حفاظت کے لئے لگائے گئے بیریئرز اور بل بورڈز کے ساتھ اس شخص نے 4x4گاڑی مسلسل ٹکرائی تھی۔جس کے بعد اس نے گاڑی بھگائی تاہم اس کو جلد ہی گرفتار کر لیا گیا۔